
(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکی ٹیم میں شامل احسان عادل پاکستان سے اور پاکستان کے خلاف کھیلنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے۔
احسان عادل کو جسدیپ سنگھ کی جگہ امریکی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جسدیپ سنگھ کندھے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوئے، سکواڈ میں شامل ہونے کے بعد احسان عادل پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں امریکی ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس کے ساتھ ہی احسان عادل پاکستان سے اور پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
پنجاب کے شہر گوجرہ میں پیدا ہونے والے 32 سالہ احسان عادل نے 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا، انہوں نے 3 ٹیسٹ میچز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔
احسان عادل کو پاکستان کی جانب سے ون ڈے کیپ 2013 میں سکاٹ لینڈ کے خلاف دی گئی،انہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 4 شکار کیے ، وہ 2015 کے ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں کھیلا۔
بعد ازاں احسان عادل امریکا منتقل ہوگئے اور آج انہیں میچ سے قبل امریکا کی کیپ دی گئی۔
خیال رہے کہ ان سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر گل محمد نے1952/53 میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ کھیلے تھےجس کے بعد وہ پاکستان منتقل ہوگئے اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف بھی ایک ٹیسٹ کھیلا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی20 ورلڈ کپ 2026: پاکستانی کرکٹر احسان عادل کی امریکی سکواڈ میں شمولیت











Leave a Reply