اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ، ایمبولینس پہنچ گئی، ڈاکٹروں کی ٹیم طلب


اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس جیل پہنچا دی گئی ہے، جسے گیٹ نمبر پانچ کے ذریعے اندر لے جایا گیا۔ذرائع کے مطابق ایمبولینس میں مختلف ادویات، طبی آلات اور آنکھوں کے معائنے کے لیے خصوصی مشینری بھی موجود ہے۔ ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کرنے کے لیے متوقع ہے۔

ابتدائی میڈیکل رپورٹ حکومت کو ارسال

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ابتدائی طبی رپورٹ حکومت پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں ان کے بلڈ پریشر، نبض، جسمانی درجہ حرارت اور شوگر لیول کا مکمل ریکارڈ شامل ہے۔ رپورٹ میں آنکھوں کی موجودہ صورتحال سے متعلق بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

جیل حکام کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور تمام ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیا جا رہا ہے۔

خصوصی میڈیکل پینل تشکیل

وفاقی حکومت نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ایک خصوصی میڈیکل پینل تشکیل دیا ہے جس میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔ یہ پینل معائنے کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گا، جس کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا عمران خان کو مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنا ضروری ہے یا نہیں۔

پی ٹی آئی کا ردعمل

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بانی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ علاج کے تمام مراحل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل میڈیکل بورڈ کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد طے کیا جائے گا۔

 


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *