تین میچوں کی سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
ڈھاکہ میں کھیلے جارہے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان کی دعوت کی پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔
میر پور ڈھاکہ کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے 3 میچوں کی سیریز کے آخری ون ڈے میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کپتان شاہین آفریدی نے کہاکہ ٹیم کے 2 کھلاڑی شمائل حسین اور حسین طلعت انجری کے باعث میچ میں شرکت نہیں کر سکے، ان کی جگہ 2 نئے کھلاڑیوں غازی غوری اور سعد مسعود کو قومی ٹیم میں ڈیبیو کا موقع دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم میں آج کے میچ کے لیے 3 تبدیلیاں کی گئیں، پاکستان کی طرف سے غازی غوری اور سعد مسعود اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں، ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کو کیپ بھی دی گئی، حارث رؤف نے سعد مسعود جب کہ محمد رضوان نے غازی غوری کو ڈیبیو کیپ پیش کی۔
حسین طلعت انجری کی وجہ سے میچ سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ شمائل حسین کو بھی آج کے میچ میں ڈراپ کردیا گیا ہے جب کہ ابرار احمد کو محمد وسیم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بنگلادیش کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبد الصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت چکی ہیں اور سیریز ایک، ایک برابر ہے جب کہ دونوں ٹیمیں آج کا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرتی نظر آئیں گی۔
یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی تھی جب کہ دوسرے ون ڈے میں قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو 128 رنز کے بڑے مارجن سے دھول چٹا کر اپنی ہار کا بدلہ لیا تھا۔













Leave a Reply