بچے کی پیدائش پر والد کو رخصت نہ دینے پر اسٹیٹ بینک پر 5 لاکھ روپے جرمانہ


وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (فوسپاہ) نے بچے کی پیدائش پر پیٹرنٹی رخصت نہ دینے کے معاملے میں  اسٹیٹ بینک پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شکایت گزار افسر سید باسط علی کو 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت نہ دینا میٹرنٹی اور پیٹرنٹی رخصت ایکٹ 2023 کی خلاف ورزی ہے۔ حکم کے مطابق جرمانے کی رقم میں سے 4 لاکھ روپے متاثرہ افسر کو بطور ہرجانہ ادا کیے جائیں گے جبکہ انہیں مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت بھی فراہم کی جائے گی۔

محتسب کے مطابق پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی امتیاز اور ہراسمنٹ کے مترادف ہے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ بچوں کی دیکھ بھال صرف خواتین کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے پیٹرنٹی رخصت سے انکار نہ صرف امتیازی سلوک ہے بلکہ بچے کے مفاد کے بھی خلاف ہے۔

فوسپاہ نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ وہ میٹرنٹی اور پیٹرنٹی رخصت ایکٹ 2023 کے تحت واضح اور جامع پالیسی مرتب کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے متعلقہ پالیسی موجود نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے افسر کی رخصت کی درخواست مسترد کر دی تھی، تاہم محتسب نے اس مؤقف کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔

 


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *