
(ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کو پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔
بھارتی ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث تاحال مکمل طورپرصحتیاب نہیں ہوسکے اوراتوارکو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت ٹاکرے میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 فروری کو ممبئی میں نیٹ سیشن کے بعد کچھ کھانے کے باعث ابھیشیک شرما کی طبیعت خراب ہوئی۔
امریکا کے خلاف میچ میں بھی ان کی حالت تسلی بخش نہ تھی، تاہم انہوں نے ٹیم کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا مگر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
بعد ازاں وہ ٹیم کے ہمراہ نمیبیا کے خلاف میچ کیلئے نئی دہلی پہنچے، جہاں معدے کے انفیکشن نے شدت اختیارکرلی اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ جمعرات کووہ اسپتال سے ڈسچارج تو ہوگئے لیکن احتیاطی تدابیرکے تحت انہیں نمیبیا کے خلاف میچ میں شامل نہیں کیا گیا۔
نمیبیا کے خلاف میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کماریادیو نے تصدیق کی کہ ابھیشیک مکمل فٹ نہیں ہیں اور ممکن ہے وہ ایک یا دو میچز مزید نہ کھیل سکیں۔ اس بیان کے بعد پاکستان کے خلاف ان کی شرکت کے امکانات کمزور دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اپنا اگلا میچ 15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا جو گروپ اے کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: کولمبو کا غیر متوقع موسم، پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ












Leave a Reply