پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں امداد وصول کرنے کے دوران عمارت کی چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئیں جب کہ شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق پیر کو رحیم یار خان کے علاقے چک 125 پی میں انتہائی افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے بڑی تعداد میں خواتین عمارت میں موجود تھیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق زیادہ رش کے باعث کمزور چھت وزن برداشت نہ کر سکی اور اچانک گر گئی، اس دوران عمارت کی چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق جب کہ متعدد خواتین زخمی ہو گئیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین میں شہناز زوجہ منور نواز، مریم زوجہ یار محمد، بختاور زوجہ فضل دین، انور مائی زوجہ در محمد، چرخی مائی زوجہ گوگی، پروین اختر زوجہ بشیر احمد، حلیمہ بی بی زوجہ مصطفیٰ اور زلیخہ بی بی زوجہ عبدالرشید شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ اور ڈی پی او عرفان علی سموں نے فوری طور پر جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا جہاں زخمی خواتین کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں 57 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے اور دو خواتین کو سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں جب کہ شیخ زید اسپتال میں چار جاں بحق خواتین کو منتقل کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو، ایدھی اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوری طلب کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے جب کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔













Leave a Reply