
(ویب ڈیسک)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ تاہم میزبان ٹیم نے 16 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا ویمنز کے درمیان میچ سپر سپورٹ پارک سنچورین میں کھیلا گیا۔ جہاں جنوبی افریقا ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 362 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ جو ان کی ون ڈے تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔
جواب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جرأت مندانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اور 49.5 اوورز میں 345 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ جو پاکستان کی ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی اننگز ہے۔
پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جبکہ صدف شمس نے 61 رنز سکور کیے۔ کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز کی نصف سنچری بنائی۔ عروب شاہ اور ڈائنا بیگ سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی قیمتی رنز جوڑے۔
ابتدائی اوورز میں صدف شمس اور عائشہ ظفر کے درمیان 87 گیندوں پر 97 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ بعد ازاں فاطمہ ثنا اور عروب شاہ نے ساتویں وکٹ کے لیے 81 رنز جوڑ کر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اینری ڈیرکسن نے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ جبکہ تازمین برٹس نے 77 رنز اسکور کیے۔ نادین ڈی کلرک اور کلوئی ٹرائیون کی جارحانہ بیٹنگ نے بھی مجموعے کو مضبوط بنایا۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ، فاطمہ اور عروب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم ہدف کے تعاقب میں بھرپور کوشش کے باوجود قومی ٹیم 16 رنز سے کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کیلئے سنہری موقع، ماہانہ 30 ہزار روپے کا وظیفہ فوراً حاصل کرنے کا طریقہ جانیے












Leave a Reply