
(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر دنیا کے مختلف ممالک کے سب سے مشہور کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، یہ فہرست معروف شماریاتی پلیٹ فارم ورلڈ آف سٹیٹسٹکس کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جس میں دنیا بھر کے عظیم اور بااثر سپورٹس سٹارز کو شامل کیا گیا ہے۔ رینکنگ میں پاکستان سے شامل نام نے خاص طور پر توجہ حاصل کی ہے۔
رینکنگ کے مطابق سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر عمران خان کو پاکستان کا سب سے مشہور کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ فہرست میں ان کا نام امریکا کے مائیکل جارڈن، ارجنٹائن کے لیونل میسی، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر جیسے عالمی سپورٹس آئیکونز کے ساتھ شامل ہے۔
عمران خان کی اس فہرست میں شمولیت ان کے کھیلوں میں دیرپا اثرات اور عالمی پہچان کی واضح عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے تاریخی فتح دلائی اور انہیں ملک کے عظیم ترین کرکٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔کھیل کے بعد سیاست میں ان کے نمایاں کردار نے بھی ان کی عالمی شناخت کو مزید تقویت دی، جس کے باعث وہ نہ صرف ایک سپورٹس لیجنڈ بلکہ ایک بین الاقوامی شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔
یہ عالمی رینکنگ مختلف براعظموں اور کھیلوں پر مشتمل ہے، جس میں ایسے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جن کا اثر محض اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ ثقافتی اثرات اور عالمی شہرت تک پھیلا ہوا ہے۔ برازیل کے لیجنڈ پیلے سے لے کر جدید دور کے فٹبال اور ٹینس سٹارز تک، اس فہرست نے مقبولیت، کامیابیوں اور عالمی رسائی جیسے معیارات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔پاکستانی سوشل میڈیا پر اس رینکنگ پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عالمی شہرت آج بھی کئی موجودہ کھلاڑیوں سے زیادہ ہے، جبکہ کچھ افراد کے مطابق موجودہ دور کے کرکٹرز اس اعزاز کے زیادہ حقدار تھے۔
یہ بھی پڑھیں:انجری سے واپسی کے بعد سب سے مشکل مرحلہ کونسا ہوتا ہے؟شاداب خان نے بتا دیا












Leave a Reply