پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں شامل نئی فرنچائز راولپنڈی نے اپنی ٹیم کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ فرنچائز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیم کا نام “Pindiz” (پنڈیز) رکھا گیا ہے۔ نام کا اعلان سوشل میڈیا پر جاری کی گئی 25 سیکنڈ کی ویڈیو کے ذریعے کیا گیا، جس میں راولپنڈی شہر کے نمایاں مقامات اور جوشیلا پس منظر میوزک شامل تھا۔
ویڈیو کے کیپشن میں فرنچائز نے کہا کہ ’’ہم نڈر ہیں، ہم چیلنج دینے آئے ہیں، ہم نیا جوش لے کر آ رہے ہیں اور ہم کھیل کو بدلنے آ رہے ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ اس سے قبل ملتان سلطانز کی فرنچائز کی نیلامی کے دوران ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں ٹیم خریدی تھی۔ بعد ازاں مالکان نے ٹیم کا ہوم سٹی ملتان سے تبدیل کر کے راولپنڈی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سابق مالک علی ترین نے 10 سالہ معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا۔
فرنچائز انتظامیہ کے مطابق جلد ہی ٹیم کا لوگو بھی متعارف کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، جس کے لیے شائقین کرکٹ میں جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔













Leave a Reply