راولپنڈی میں ون ویلنگ کرنے والے اوباش نوجوانوں نے گرین بس پر پتھراؤ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک مسافر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ چکلالہ اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں ون ویلنگ کرتے نوجوانوں نے بس کو نشانہ بنایا۔ پتھراؤ اور ڈنڈوں کے وار سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک مسافر زخمی ہو گیا۔
تھانہ چکلالہ پولیس نے بس کے کیپٹن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کارروائی کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے ڈنڈے اور 7 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان ون ویلنگ کے دوران بس پر حملہ آور ہوئے اور سنگین نتائج کی پروا کیے بغیر پتھراؤ کیا۔ گرفتار افراد کی موٹر سائیکلیں پولیس نے تحویل میں لے لی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ شہر میں ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔













Leave a Reply