
(ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 سے قبل کرکٹ شائقین کے لیے ایک مایوس کن خبر سامنے آ گئی ہے جہاں جنوبی افریقہ کے سٹار بیٹر فاف ڈو پلیسی کو انجری کے باعث لیگ سے باہر ہونا پڑ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 41 سالہ فاف ڈو پلیسی اپنے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے جس کے باعث وہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
فاف ڈو پلیسی کو حال ہی میں کھیلی جانے والی ایس اے 20 لیگ 2025-26 کے دوران دائیں انگوٹھے میں شدید چوٹ لگی تھی جس کے بعد انہیں سیزن کے وسط میں ہی ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔
طبی ماہرین کے مطابق انجری کی نوعیت سنگین ہے اور مکمل بحالی کے لیے سرجری ناگزیر ہو چکی ہے جس کے باعث وہ آئندہ چند ماہ تک مسابقتی کرکٹ سے دور رہیں گے۔
فاف ڈو پلیسی کی پی ایس ایل 2026 سے عدم دستیابی کو لیگ کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان سپر لیگ کے سب سے مقبول اور سینئر غیر ملکی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں،ان کی موجودگی نہ صرف لیگ کے معیار بلکہ شائقین کی دلچسپی میں بھی اضافہ کرتی۔
واضح رہے کہ فاف ڈو پلیسی نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کی نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا جہاں انہیں دہلی کیپیٹلز نے ریلیز کر دیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے پی ایس ایل 2026 کھیلنے کے عزم کا اظہار کیا تھا جو 5سال بعد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ان کی واپسی ہوتی تاہم انجری نے ان کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔
یاد رہے کہ فاف ڈو پلیسی نے آخری بار پی ایس ایل 2021 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی، وہ اب تک پی ایس ایل کے دو سیزنز میں دو مختلف فرنچائزز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی، کی جانب سے صرف 6 میچز کھیل چکے ہیں،ان مقابلوں میں انہوں نے 5 اننگز میں 107 رنز اسکور کیے، اوسط 21.40 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 122.98 رہا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان زمبابوے کو ہرا کر سپر 6 مرحلے میں پہنچ گیا












Leave a Reply