لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے باعث کینسر میں مبتلا 16 سالہ بچی کو فوری طور پر A+ خون فراہم کر کے اس کی جان بچا لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چلڈرن اسپتال لاہور سے ایک شہری نے ایمرجنسی 15 پر کال کر کے فوری خون کی درخواست کی۔ کالر نے بتایا کہ اس کی بیٹی آئی سی یو میں زیر علاج ہے اور اسے فوری طور پر A+ خون کی اشد ضرورت ہے۔
سیف سٹی آفیسر نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ورچوئل بلڈ بینک ڈیٹا بیس سے موزوں ڈونر تلاش کیا۔ سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ڈونر نے بروقت اسپتال پہنچ کر خون عطیہ کیا، جس سے ننھی فاخرہ عثمان کی جان بچا لی گئی۔
بچی کے والد نے سیف سٹی ٹیم کے فوری اور مؤثر اقدام پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے دعائیں کیں۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ورچوئل بلڈ بینک میں اب تک 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہری، پولیس اہلکار اور افسران بطور ڈونر رجسٹرڈ ہیں۔
سیف سٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 15 پر کال کریں اور 4 دبائیں۔ سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک 24 گھنٹے شہریوں کی خدمت کے لیے فعال ہے۔













Leave a Reply