عدالتوں میں توانائی بچت اقدامات کے تحت چار روزہ ورکنگ ویک کی منظوری


سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر کی عدالتوں میں کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس سلسلے میں قومی جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں توانائی بحران کے پیش نظر متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائی کورٹس اور وفاقی شرعی عدالت میں چار روزہ ورکنگ ویک نافذ کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے تحت عدالتیں پیر سے جمعرات تک مکمل طور پر کام کریں گی جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو محدود نوعیت کی عدالتی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اسی طرز پر ڈسٹرکٹ کورٹس میں بھی پیر سے جمعرات تک چار روزہ ہفتہ وار نظام کے تحت کام کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

کمیٹی نے اخراجات میں کمی کے لیے ججز کے فیول الاؤنس میں نمایاں کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ہائی کورٹس اور وفاقی شرعی عدالت کے ججز کے فیول الاؤنس میں پچاس فیصد کمی کی منظوری دی گئی جبکہ جوڈیشل افسران کے پیٹرول الاؤنس میں پچیس فیصد کمی کی جائے گی۔

اجلاس میں عدالتی کارروائی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ویڈیو لنک کے استعمال کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ غیر ضروری سفر اور اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ عدالتی عملے کی روٹیشنل حاضری متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے تاکہ توانائی کے استعمال کو کم کیا جا سکے۔

کمیٹی نے ہائی سیکیورٹی زونز میں اضافی پروٹوکول اور سیکیورٹی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا تاہم خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ججز کی سیکیورٹی مقامی صورتحال کے مطابق برقرار رکھی جائے گی۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *