(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلیئر آکشن سے متعلق ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے کی،ورکشاپ میں پی ایس ایل کی تمام آٹھ فرنچائزز کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، ورکشاپ میں بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بھی شریک تھے۔
پی سی بی حکام نے آگاہ کیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا جبکہ اس بار آکشن کی تمام بولیاں پاکستانی روپے میں ہوں گی،ٹاپ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جب کہ آکشن میں کم از کم اضافی بولیوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
ورکشاپ میں بتایا گیا کہ ہر فرنچائز کا اسکواڈ 16 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، جبکہ پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہر ٹیم کو انڈر 23 کیٹیگری کے دو غیر کیپڈ کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کرنا بھی لازم ہوگا۔
پی ایس ایل 11 کے کھلاڑیوں کو دو سالہ معاہدے دیے جائیں گے، جبکہ پی ایس ایل 12 کے بعد گرینڈ آکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید برآں، پی ایس ایل 11 میں ہر فرنچائز کو ایک غیر ملکی کھلاڑی براہِ راست سائن کرنے کی اجازت دی گئی ہے، بشرطیکہ وہ کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں شریک نہ رہا ہو۔
پی سی بی نے فرنچائزز کے لیے بجٹ میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جو 45 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد لیگ کو مزید مضبوط، شفاف اور مسابقتی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ انڈر19ورلڈ کپ کے سپر سکس راؤنڈمیں آسٹریلیا کی فتح، ساؤتھ افریقہ کو آؤٹ کلاس کر دیا












Leave a Reply