لگا تار ’’21 اوورز میڈن‘‘  کرکٹ کی تاریخ کا حیرت انگیز ریکارڈ



( ویب ڈیسک ) کرکٹ میچز میں بولرز کا میڈن اوور کرانا معمول کی بات ہے تاہم بغیر کوئی رن دیے لگاتار 21 اوورز کرانا واقعی حیران کن ہے۔

کرکٹ میں میڈن اوورز کرانا غیر معمولی نہیں اور بولرز کئی میچز میں میڈن اوور کراتے ہیں، کرکٹ کی تقریباً 150 سالہ تاریخ میں بھی بولنگ کے کئی ریکارڈ بنے  تاہم ایک حیرت انگیز ریکارڈ انٹرنیشنل میچ میں مسلسل 21 میڈن اوورز کرانے کا ہے، جس کا ٹوٹنا بہت ہی مشکل ہے۔

یہ ریکارڈ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ایک ٹیسٹ میچ میں قائم ہوا، جو 12 جنوری 1964 کو مدراس (موجودہ چنئی) میں کھیلا گیا، اس میچ میں انڈین بولر ناڈکرنی نے لگاتار 21 اوورز میڈن پھینک کر ایسا حیرت انگیز عالمی ریکارڈ بنایا، جو آج 61 سال بعد بھی نہیں ٹوٹ سکا ہے۔

یہ میچ بھارت انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ تھا اور انگلش ٹیم کی پہلی اننگ جاری تھی، جب بھارتی کپتان منصور علی خان پٹوڈی (اداکار سیف علی خان کے والد) نے گیند رمیش چندر گنگا رام ناڈکرنی (باپو ناڈکرنی‘‘ کو تھمائی۔ تو شاید کپتان بلکہ بولر کو بھی نہ پتہ تھا کہ آج کچھ انہونی ہونے جا رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:ورلڈکپ سے چھٹی ؟ کپتان کا کردار، حارث رؤف کھل کر بول پڑے

بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے لائن اور لینتھ کے ساتھ ایسے بولنگ کی کہ بلے باز ایک دو اوورز نہیں بلکہ ان کے لگاتار 21 اوورز میں ایک بھی رن نہ لے سکے۔

باپو ناڈکرنی نے اس دوران 131 ڈاٹ گیندیں کرائیں۔ اس وقت کریز پر برائن کین اور کین بیرنگٹن موجود تھے، جو بھارتی اسپنر کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے اور بولر ان کے صبر کا امتحان لیتے رہے۔

 بھارتی بولر نے انگلینڈ کی پہلی اننگ میں مجموعی طور پر 32 اوورز کیے جن میں 27 اوورز میڈن تھے اور صرف پانچ رنز دیے  تاہم حیرت انگیز طور پر مکمل لائن اور لینتھ کے ساتھ اتنی کفایتی بولنگ کرنے کے باوجود انہیں اس اننگ میں ایک بھی وکٹ نہ مل سکی۔

 تاہم ان کی با کمال بولنگ نے انگلینڈ کے رن ریٹ کو ایسا بریک لگا دیا کہ پوری ٹیم دباؤ میں آگئی۔

باپو ناڈکرنی 2020 میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ انہوں نے بھارت ہندوستان کے لیے 41 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 88 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں انہوں نے ایک سنچری اور 7 نصف سنچریوں کی بدولت 1,414 رنز بھی بنائے۔ ناڈکرنی نے 191 فرسٹ کلاس میچوں میں 500 وکٹیں حاصل کیں، جس میں 14 سنچریاں اور 46 نصف سنچریوں سمیت 8,880 رنز بنائے۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *