پاکستان کو سرسبز بنانے اور خصوصاً مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے جنگلات کی بحالی پنجاب حکومت کا اہم ترین منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ صرف شجرکاری مہم نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک طویل المدتی وژن ہے، جس کا مقصد آنے والی نسلوں کو سرسبز اور محفوظ پاکستان فراہم کرنا ہے۔ اس وژن کو عملی شکل دینے میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو روحِ رواں قرار دیا گیا۔
ٹیکسلا کے علاقے میں مارگلہ جنگل کی بحالی کے لیے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ نوجوانوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ درخت لگائے اور مزید شجرکاری کی اپیل بھی کی۔
محکمہ جنگلات پنجاب کے چیف کنزرویٹر افتخار الحسن فاروقی نے کہا کہ حکومت سرسبز پاکستان کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور نوجوان نسل کو خصوصی طور پر اس مہم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ خواتین کے لیے بھی خصوصی شجرکاری مہم کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ممبر قومی اسمبلی آسیہ تنولی نے کہا کہ اگر نوجوان نسل آج ایک ایک پودا بھی لگا دے تو پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ ٹیکسلا میں دو لاکھ سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔
ممبر صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان نے بھی جنگلات کی بحالی کے اقدامات کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔













Leave a Reply