میکسیکو میں 2026 ورلڈ کپ میچز خطرے میں پڑگئے



(24 نیوز )میکسیکو میں منشیات فروش کارٹیلز کے بڑھتے ہوئے تشدد کے باعث فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچز کے انعقاد پر خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ یہ عالمی ٹورنامنٹ جون 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر منعقد کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق میکسیکو میں حالیہ دنوں خطرناک کارٹیل رہنما نیمیسو ‘ایل مینچو’ اوسیگورا سروانتیس کی ہلاکت کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات شروع ہو گئے ہیں۔ مذکورہ کارٹیل لیڈر جالیسکو نیو جنریشن کارٹیل کا سربراہ تھا، جو میکسیکو کے طاقتور ترین منشیات نیٹ ورکس میں شمار ہوتا ہے۔

میکسیکو کو ورلڈ کپ کے دوران 13 میچز کی میزبانی کرنی ہے، جن میں افتتاحی میچ بھی شامل ہے جو 11 جون 2026 کو میکسیکو سٹی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ میچز گواڈالاجارا اور مونتری میں بھی منعقد ہوں گے۔

کارٹیل رہنما کی ہلاکت کے بعد جالیسکو، گوریرو اور میچوکان سمیت کئی ریاستوں میں دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے سیکیورٹی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر گلوبل افیئرز کینیڈا نے اپنے شہریوں کو میکسیکو کے متعدد علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے بھی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اور بعض علاقوں میں محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ اطلاعات کے مطابق کچھ سیاح تشدد کے باعث متاثرہ علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو میکسیکو میں ورلڈ کپ کے شیڈول اور انتظامات متاثر ہو سکتے ہیں، جس سے عالمی سطح پر اس بڑے اسپورٹس ایونٹ کے انعقاد پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :امریکی ریاست الاسکا کے قریب 6.3 شدت کا زلزلہ





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *