
(24 نیوز)چترال کی وادی کالاش کے گاؤں شیخاندہ بمبوریت میں 2 روزہ مقامی سرمائی کھیلوں کے میلے کا آغاز ہوگیا ہے۔
لوئر چترال کی ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا یہ میلہ علاقے کے روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کی اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔
میلے میں نسل در نسل منتقل ہونے والے روایتی کھیل پیش کیے جا رہے ہیں جو آج بھی اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
شائقین نے بزکشی سے لطف اٹھایا، جبکہ مقامی کھیل ‘ہِم غال’ (برفانی پولو) اور روایتی کُشتی کے مقابلے بھی توجہ کا مرکز رہے۔
مزید پڑھیں:قومی کرکٹر عماد وسیم نے دوسری شادی کرلی
قدیم کھیلوں میں مہارت رکھنے والے مقامی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی ہندوکش کی قدیم کھیلوں کی روایت کی جھلک دکھائی۔
انتظامیہ کے مطابق میلے سے قبل اسٹیج، تماشائیوں کے بیٹھنے کے انتظامات، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کا جامع منصوبہ مکمل کیا گیا تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
میلے میں سیاحوں کی آمد سے مقامی گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلوں اور دستکاری کی دکانوں سمیت دیگر کاروباروں کو نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔












Leave a Reply