وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے قازقستان میں 15 مارچ کو ہونے والے آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر صدر توکایووف کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے آئین کے حق میں عوام کی بھرپور شرکت اور حمایت صدر کی قیادت اور اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اصلاحات قازقستان میں حکمرانی کے نظام، اداروں کے استحکام اور ترقی کے عمل کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے گزشتہ ماہ صدر توکایووف کے دورۂ پاکستان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان اس دوران ہونے والے فیصلوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے حکام مجوزہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو عملی شکل دینے کے لیے رابطے میں رہیں گے۔
صدر قاسم جومارت توکایووف نے وزیراعظم کو رواں سال کے آخر میں قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، خصوصاً افغانستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی تعاون اور روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے صدر توکایووف اور قازق عوام کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔













Leave a Reply