ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے پاکستانی ٹیم لاہور سے کولمبو پہنچ گئی



(روزینہ علی )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستانی ٹیم لاہور سے کولمبو پہنچ گئی ہے ، پاکستان ٹیم کل آرام کرے گی   جبکہ 4 فروری کو  آئر لینڈ کے خلاف  وارم اپ میچ کھیلے گی ۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 10ویں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، جبکہ افتتاحی میچ 7 فروری کو کولمبو میں ہوگا۔

آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان بھارتی شہر ممبئی میں ایک تقریب کے دوران کیا، جس میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو، سابق کپتان روہت شرما، ویمنز کپتان ہرمن پریت کور اور سری لنکا کے اینجلو میتھیوز بھی شریک تھے۔ایونٹ کا آغاز 7 فروری کو کولمبو سے ہوگا جہاں پہلا میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 بھارت اپنا پہلا میچ ممبئی میں امریکا کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا 15 فروری کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہے،آئی سی سی کے مطابق 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ ون میں پاکستان، بھارت، امریکا، نمیبیا اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔گروپ ٹو میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان شامل ہیں۔گروپ تھری میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی، بنگلہ دیش اور نیپال کو رکھا گیا ہے۔گروپ فور میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا شامل ہیں۔

ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 40 گروپ میچز 7 سے 20 فروری تک کھیلے جائیں گے، جن کے بعد ہر گروپ کی دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔ سپر ایٹ کا آغاز 21 فروری سے ہوگا جبکہ سیمی فائنلز 4 مارچ کو کولکتہ اور کولمبو میں شیڈول ہیں۔فائنل 8 مارچ کو یا تو احمد آباد یا کولمبو میں ہوگا، تاہم پاکستان کے فائنل یا سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ان کے میچز کولمبو میں کرائے جائیں گے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے پانچ بڑے اسٹیڈیمز نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد، وانکھڈے ممبئی، ایڈن گارڈنز کولکتہ، ایم اے چدمبرم چنائی اور ارون جیٹلی دہلی میں کھیلے جائیں گے جبکہ سری لنکا میں کینڈی، کولمبو اور سنہالے اسپورٹس کلب شامل ہیں۔ پاکستان کے تمام گروپ میچز سری لنکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ ٹرافی یکم دسمبر سے عالمی دورے پر روانہ ہوگی۔ اس موقع پر آئی سی سی کے صدر جے شاہ نے سابق بھارتی کپتان روہت شرما کو ٹورنامنٹ کا باقاعدہ ایمبیسڈر بھی نامزد کیا۔

یہ بھی پڑھیں :معروف صحافی و شاعرسیداسدرضانقوی انتقال کر گئے





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *