ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی کے لئے کوشیشوں کی حمایت کرتے ہیں، ہم علاقائی شراکت داروں سے تناو میں کمی کے لئے رابطے میں ہیں۔
وزیر خارجہ دفتر کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 23 مارچ کو ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور امت میں اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی رابطے کیے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم رواں ہفتے مختلف عالمی راہنماوں اور خطے کے رہنماؤں سے رابطے میں رہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
اسحاق ڈار نے ناروے، سعودی عرب، آزربائجان، ترکیہ، مصر، عراق، متحدہ عرب امارات، ملائشیا اور ایران کے ہم منصبوں سے علاقائی صورتحال پر مسلسل رابطے کیے۔ ترجمان نے کہا کہ سفارت کاری شدید کشیدگی کے معاملات میں تحمل، خاموشی اور رازداری کا متقاضی ہوتی ہے۔
دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے سری نگر کی مرکزی جامع مسجد کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گذشتہ سات برس سے مسجد کو بند رکھا ہے۔
ترجمان نے آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو دی گئی سزاؤں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان آسیہ اندرابی کو عمر قید اور ان کی دو ساتھیوں کو 30 سال قید کی سزا کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
یہ سزائیں بھارتی کالے قانون (غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ) کی عکاسی کرتی ہیں، بنیادی حقوق کو دبانے اور اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کی کوشش ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو اپنے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائیں۔
پاکستان کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق، اظہار رائے کی آزادی اور منصفانہ ٹرائل کے حق کے تحفظ پر زور دیتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا ردعمل غیر سفارتی ہے۔













Leave a Reply