خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب پولیس گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب پولیس ٹیم کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں ایس ایچ او صدر اعظم، ڈرائیور شاہ بہرام اور اے ٹی ایس کے تین اہلکار شہید ہوگئے جب کہ زخمی اہلکار انصاف الدین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
سہیل آفریدی نے 6 اہلکاروں کی شہادت کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یک جہتی کیا اور زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں، شہدا کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی لکی مروت میں پولیس ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا، شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔













Leave a Reply