
(24 نیوز )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز کے مالک کامل خان نے باقاعدہ طور پراپنی ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
کامل خان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ سے محبت کی بنیاد پر سیالکوٹ اسٹالینز کی قیادت سنبھالی تھی اور اسے خلوصِ نیت کے ساتھ آگے بڑھایا۔
انہوں نے اپنی مختصر مدت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اسٹیو اسمتھ کے ساتھ معاہدہ، سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کی بطور کوچ تقرری اور مشہور برانڈ نیو بیلنس کے ساتھ شراکت داری ان کی ٹیم کی نمایاں کامیابیاں رہی ہیں۔
کامل خان کا کہنا تھا کہ ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ انتظامیہ کے حالیہ فیصلوں پر گہری سوچ بچار کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ یہ فیصلہ کچھ عرصہ قبل کر لیا گیا تھا، لیکن وہ باضابطہ اعلان سے قبل اس بات کو یقینی بنانا چاہتے تھے کہ ٹیم محفوظ ہاتھوں میں منتقل ہو جائے۔
اس بڑی تبدیلی کے نتیجے میں سیالکوٹ اسٹالینز کے 90 فیصد سے زائد حصص ایک نئے گروپ کو فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد اوز (OZ) گروپ کا ٹیم پر کنٹرول ختم ہو جائے گا۔ کامل خان نے ٹیم کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اسے خیرباد کہہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :امریکی ریاست الاسکا کے قریب 6.3 شدت کا زلزلہ












Leave a Reply