ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگرد ہلاک


پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے جبکہ 11 شدت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ سرحدی گاؤں جوتر کے قریب تقریباً 15 دہشت گرد موجود ہیں جو پولیس اور سیکیورٹی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اس اطلاع پر سی ٹی ڈی ٹیموں نے علاقے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ مقام کو گھیرے میں لے لیا۔

فائرنگ کا تبادلہ

حکام کے مطابق جب سی ٹی ڈی اہلکار موقع پر پہنچے تو دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ گیارہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے رائفلیں، گولیاں، دھماکہ خیز مواد اور دیگر بارودی سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

شہریوں سے اپیل

سی ٹی ڈی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو کوئی مشتبہ سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور دہشت گردی کے خطرات کو ختم کیا جا سکے۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *