کرک میں ایف سی قلعے پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ، پانچ اہلکار زخمی، ایمبولینسوں کو نشانہ بنانے سے تین اہلکار شہید، علاقے میں سرچ آپریشن جاری۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قلعے پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینسوں کو بھی راستے میں نشانہ بنایا گیا جس کے باعث تین اہلکار شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بہادر خیل کے علاقے میں، تھانہ خرم محمد زئی کی حدود میں درگہ شہیدان کے قریب پیش آیا جہاں فتنہ خوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے ڈرون کے ذریعے حملہ کیا۔
ڈی پی او کرک سعود خان کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران دہشت گردوں نے ایمبولینسوں پر فائرنگ کر دی اور انہیں آگ لگا دی۔ حملے میں تین اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ریسکیو 1122 کے عملے کو بھی نشانہ بنایا۔ مزید زخمیوں کو خلیفہ گل نواز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر کے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔













Leave a Reply