گولڈ میڈلز کی سنچری



(24نیوز)کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے گولڈ میڈلز کی سنچری مکمل کرلی۔

نیشنل گیمز میں بدھ کو بھی کراچی کے مختلف وینیوز پر پلیئرز کے درمیان میڈلز کے حصول کیلئے کشمکش جاری رہی ۔ 

صبح سویرے 42 عشاریہ 195 کلو میٹر کی میراتھون کے ساتھ نیشنل گیمز میں معرکہ آرائی شروع ہوئی ۔ مزار قائد سے شروع ہو کر مختلف علاقوں سے گزرتی، نیشنل کوچنگ سینٹر پر ختم ہونے والی میراتھون نیوی کے شہباز مسیح نے جیت لی۔  شہباز نے فاصلہ 2 گھنٹے 25  منٹ میں طے کرکے گولڈ میڈل لیا، واپڈا کے شیر خان دوسرے اور نیوی کے شعیب اختر تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کی لانگ جمپ میں پاکستان واپڈا کی فائقہ ریاض نے 5 عشاریہ 52 میٹر لمبی چھلانگ لگاکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور ایونٹ میں گولڈ میڈلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، فائقہ اس سے قبل 100 میٹر اور 200 میٹر کے گولڈ بھی جیت چکی ہیں۔

بدھ کو ایتھلیٹکس میں ہونے والے دیگر مقابلوں میں خواتین کے ہیمر تھرو میں واپڈا کی عظمیٰ اذان، خواتین کی 1500 میٹر میں واپڈا کی ارم شہزادی، خواتین کی 100 میٹر ہرڈلز واپڈا کی غزالہ رمضان، مردوں کی 200 میٹر آرمی کے عثمان علی، 10 ہزار میٹر آرمی کے محمد اختر جبکہ 400 میٹر میں آرمی کے اسماعیل نے گولڈ میڈل جیتا۔

سوئمنگ کے مقابلوں میں آرمی کے احمد درانی نے مزید 3 گولڈ میڈل جیت کر گولڈ میڈلز کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔  احمد درانی نے بدھ کو 800 میٹر فری اسٹائل، 200 میٹر فری اسٹائل اور 200 میٹر ریلے میں گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

مین سوئمنگ میں واپڈا کے حمزہ آصف نے 50 میٹر بریسٹ اسٹروک میں نیا قومی ریکارڈ بنادیا۔ خواتین کی سوئمنگ میں جہاں آرا نبی کی کامیابیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ حریم نے سندھ کو پھر سے گولڈ میڈل دلوادیا ۔

روئنگ کی مختلف کیٹیگری کے مقابلوں میں پاکستان آرمی نے 5 گولڈ، ایک سلور میڈل جیتا، نیوی نے 2 گولڈ اور 5 سلور میڈلز اپنے نام کیے ۔

اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹرز میں نیشننل گیمز میں ویمن ویٹ لفٹنگ کے مقابلے مکمل ہوگئے۔ ویمن ویٹ لفٹنگ ایونٹ کے دوسرے روز 69 کے جی میں آرمی کی خدیجہ وحید نے گولڈ میڈل جیتا، واپڈا کی صائمہ شہزاد نے 69 کے جی کا سلور، سندھ کی نازیہ اسلم نے برانز میڈل حاصل کیا ۔ خواتین کی 86 پلس کے جی میں واپڈا کی نازیہ اسلم نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ 77 کلو گرام کیٹیگری میں آرمی کی سونیا عظمت گولڈ مڈلسٹ رہیں۔

86 کلوگرام کی کیٹیگری میں واپڈا کی نادیہ مقصود نے گولڈ، ریلوے کی مدیحہ ذبیر نے سلور میڈل جیتا۔

شوٹنگ میں نیوی نے مزید 4  اور آرمی نے 2 اور گولڈ میڈلز جیت لیے۔ کراٹے کے مین اور ویمن مقابلوں میں بھی پاکستان آرمی کی بالادستی برقرار رہی۔

ٹیم مقابلوں میں پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو شکست دے کر ویمن فٹبال کا گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا، سنگل لیگ کی بنیاد پر ہونے والے ویمن ایونٹ میں آرمی کی ٹیم ناقابل شکست رہی ۔

ویمن سافٹ بال کے فائنل میں بھی آرمی نے واپڈا کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا ۔

نیشنل کوچنگ سینٹر میں اسکواش کے مقابلے بھی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے، ویمن ایونٹ میں کے پی کی ماہ نور علی اور آرمی کی زینب نے فائنل میں جگہ بنالی جب کہ واپڈا کے نور زمان اور آرمی کے حذیفہ ابراہیم نے مینز سنگلز کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی کی گولڈ میڈلز کی سنچری
کراچی میں جاری مقابلوں میں آرمی نے مجموعی طور پر 113 گولڈ میڈلز جیت لیے۔ آرمی کے ایتھلیٹس نے 50 سلور اور 34 برانز میڈلز بھی اپنے نام کیے ہیں۔

میڈلز ٹیبل پر واپڈا 46 گولڈ، 43 سلور اور 34 برانز میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان نیوی نے 24 گولڈ، 21 سلور اور 20 برانز میڈل اپنے نام کیے ہیں۔

اس کے علاوہ پنجاب نے 7 جبکہ ایچ ای سی، سندھ اور ائیرفورس نے 6 ، 6 گولڈ میڈلز جیتے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا نے 4 ، بلوچستان نے 2 اور اسلام آباد نے ایک گولڈ میڈل اپنے نام کیا ہے۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *