
(ویب ڈیسک)بھارت میں سڑکوں پر بھیک مانگنے والی ایک خاتون نے مشہور بھارتی کرکٹر کی بیوی ہونے کا حیران کن دعویٰ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے بیلاپور سٹیشن پر بھیک مانگنے والی ایک خاتون نے مشہور بھارتی کرکٹر کی بیوی ہونے کا دعویٰ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریلوے سٹیشن پر انتہائی کمزور اور لاغر حالت میں موجود مسافروں سے بھیک مانگتی عمر رسیدہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر سلیم درانی نے ان سے شادی کی تھی۔ تاہم ان کی تصدیق کیلئے سلیم درانی اب اس دنیا میں نہیں ہیں، کیونکہ ان کا دو سال قبل انتقال ہو چکا ہے۔
خاتون جس کی شناخت ریکھا سری واستو کے نام سے ہوئی ہے، انہوں نے سلیم درانی سے شادی کے دعوے کے ساتھ یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ دبئی میں ایک ایئرلائن کمپنی چلاتی تھیں اور انہوں نے وہاں پرتعیش زندگی بسر کی۔ لیکن ان کی زندگی نے ایک المناک موڑ لیا، جس سے وہ مالی طور پر تباہ ہو کر سڑکوں پر آ گئیں۔
خاتون کے اس حیران کن دعوے کے بعد سلیم درانی کے اہلخانہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
ریکھا سریواستو نے یہ بھی بتایا کہ 2023 میں انتقال کر جانے والے سلیم درانی نے ملک بھر میں کرکٹ کھیلی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ جب درانی نے کھیلا تو ان کی کئی معروف شخصیات سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اپنا بنگلہ ہے، لیکن انہیں سب کچھ بیچنا پڑا۔
سلیم درانی کے خاندان کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، جب کہ فری پریس جرنل کے مطابق درانی کی سوانح عمری میں ریکھا سریواستو نامی کسی خاتون سے ان کی شادی یا دبئی میں کسی کاروبار کا ذکر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سلیم درانی جن کی پیدائش 11 دسمبر 1934 کو کابل میں ہوئی۔ تاہم ان کے اہل خانہ بھارت ہجرت کر گئے۔ انہوں نے آل راؤنڈر کی حیثیت سے دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف بھارت کو کئی میچز میں ناقابل یقین فتوحات دلائیں۔
ان کی ایک وجہ شہرت تماشائیوں کی ڈیمانڈ پر چھکے مارنا بھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جب سٹیڈیم میں بیٹھی لڑکیاں درانی کو دیکھ کر ’’ہمیں چھکا چاہیے‘‘ کا نعرہ لگاتی تو یہ خوبصورت بھارتی کرکٹر اگلی ہی گیند کو چھکا لگانے کیلئے ان کی طرف بھیج دیتا۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی ادارے 26فروری تک بند رہیں گے،موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان،نوٹیفکیشن بھی جاری












Leave a Reply