
(روزینہ علی)پاکستان کی فاتح انڈر 19 کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں کھلاڑیوں کا ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر استقبال کیا گیا,مداح دھول تاشے اور بینڈوالوں کو بھی ساتھ لائے،کھلاڑیوں پر گلپاشی،شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دینے والی پاکستانی ٹیم پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 سے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی،کھلاڑیوں نے فائنل جیتنے کی خوشی میں پی آئی اے کے طیارے میں کیک کاٹا، جہاں مسافروں، پائلٹس اور فضائی عملے نے ایشین چیمپئنز کو دل کھول کر مبارکباد دی۔
اس موقع پر مسافروں اور عملے نے کھلاڑیوں کے ساتھ سلفیاں بھی بنائیں اور اسے پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔
کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس دوران ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔
چیئرمین پی سی بی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50، 50 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے، فائنل میں کامیابی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے کھیل کی تعریف کی۔
دبئی میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز سکور کیے، سمیر منہاس نے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے شاندار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، اس کے ساتھ ہی سمیر ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بھی قرار پائے۔












Leave a Reply