پانچ سٹارز کوچھوڑ کر سری لنکا ٹور کیلئے ٹیم بنانے کی حکمت سامنےآگئی


(24نیوز)  پاکستان نے آئندہ ماہ سری لنکا میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آل راؤنڈر شاداب خان کو تو  ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ تاہم سٹار بیٹر بابر اعظم،  محمد رضوان، حارث رؤف، سٹار باؤلر شاہین آفریدی، حسن علی کو سری لنکا جانے والی قومی ٹی ٹونٹی ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔ بیک وقت پانچ سٹارز کو قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم میں نہ لینے کی وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔

 آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے والے بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو نہیں بلایا گیا ہے۔ شاداب 7 جنوری 2026 سے شروع ہونے والی تین میچوں کی سری لنکا سیریز میں کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے قومی ٹیم میں واپس آئیں گے۔ کندھے کی سرجری کے بعد جون 2024 سے کرکٹ سے باہر ہونے کے بعد، وہ اس ماہ  بگ بیش میں کھیلے اور اپنی ٹیم سڈنی تھنڈر کو بگ بیش میں پہلا میچ جتوانے کے ساتھ ایکشن میں واپس آئے،بگ بیش کے  اس سیزن میں بابر اعظم سڈنی سِکسرز، شاہین آفریدی برسبین ہِیٹ، اور محمد رضوان میلبورن رینیگیڈز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔  اب تک شاداب نے ہی بگ بیش میں کھیل رہے  پاکستانی کھلاڑیوں  میں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پانچ ہیروز کو سری لنکا سیریز میں نہ لینے کی وجہ پی سی بی کا کرکٹ آسٹریلیا سے وعدہ
بابر اعظم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، حسن علی اور محمد رضوان بھی بی بی ایل میں کھیل رہے ہیں۔ اس لئے  ان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ وہ آسٹریلوی لیگ میں کھیلتے رہیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا کے منتظمین کے ساتھ  دوستانہ وعدہ کیا تھا کہ بِگ بیش میں کھیلنے والے اس کے کھلاڑی بگ بیش کے پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس لئے اب سری لنکا کیلئے ٹیم سیلیکٹ کرنے کا وقت آیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ سٹارز کے بغیر قومی ٹیم  بنا لی لیکن دوست بورڈ کے ساتھ  اپنا وعدہ پورا کیا۔

سری لنکا ٹور کیلئے پاکستان نے سلمان علی آغا کی قیادت میں جس 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہےاس میںابھرتے ہوئے سٹار بیٹر خواجہ نافع شامل ہیں۔ عبدالصمد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کے ساتھ چھ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے والے شاداب کے فارم میں واپس آنے کے بعد ان کے ساتھ پورا انصاف کیا گیا اور انہیں سری لنکا ٹور میں جم کر کھیلنے کا پورا موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔

شاداب کو ضروری موقع کی فراہمی

تجربہ کار آل راؤنڈر شاداب خان اس وقت بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہیں آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے۔ باقی پانچ سٹار بگ بیش میں کھیل کر  ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی بہتر تیاری کر سکیں گے۔ شاداب خان پاکستان کی جانب سے 112 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 112 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ایک نصف سینچری کی مدد سے 140 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ وہ اس فارمیٹ میں 792 رنز بنا چکے ہیں۔

سری لنکا ٹور کے لئے بھی قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی قیادت سلمان آغا کریں گے۔ سلیکٹرز نے خواجہ نافع کو  کیپ Cap دینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے انہوں نے 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 132.81 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ  688 رنز بنائے ہیں۔ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے خواجہ نافع کو پہلی بار پاکستان کے T20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔  پاکستان سپر لیگ میں نافع نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلا اور دیکھنے والوں کو متاثر کیا تھا۔

سری لنکا ٹور میں تین میچوں کی  ٹی ٹوینٹی سیریز 7 جنوری سے دمبولا میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے گروپ بی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ کرنے کے لئے روایتی حریف بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکہ ہوں گے۔ 

سری لنکا سیریز کیلئے ٹیم کے 15 کھلاڑی

سری لنکا بھیجا جا رہا سکواڈ اس طرح ہے: سلمان علی آغا (کیپٹن)، عبدالصمد، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد نواز، ابرار احمد، عثمان طارق، عثمان خان، خواجہ نافع، نسیم شاہ، سلمان مرزا، اور محمد وسیم جرنیل۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *