
(24نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ملتان سلطانز کے انتظامی اور کرکٹ معاملات پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو سونپنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور معاملات طے پانے کے بعد اس حوالے سے باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز سے علیحدگی کے بعد رواں برس پی سی بی خود ملتان سلطانز کے معاملات کی نگرانی کرے گا۔ اسی تناظر میں ایک عبوری یا نئی انتظامیہ تشکیل دینے پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں مائیک ہیسن کو کلیدی کردار دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق 8 جنوری کو اسلام آباد میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی سے قبل یہ اعلان بھی کیا جا سکتا ہے کہ ملتان سلطانز کے معاملات آئندہ کون سنبھالے گا۔ پی سی بی چاہتا ہے کہ نیلامی سے پہلے فرنچائز سے متعلق غیر یقینی صورتحال کو ختم کیا جائے تاکہ لیگ کے انتظامی ڈھانچے پر کسی قسم کا سوال نہ اٹھے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے متعلق اڈیالہ جیل کے قیدی کا اہم انکشاف
ادھر ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ نئی انتظامیہ کے آنے کی صورت میں ملتان سلطانز کے موجودہ کپتان محمد رضوان کی کپتانی برقرار رہنے کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ اور سابق کپتان وسیم اکرم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ پاکستان سپر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر اپنا معاہدہ سائن کریں گے۔ پی سی بی کی جانب سے وسیم اکرم کو پی ایس ایل کے تشہیری اور سفارتی کردار میں مزید فعال بنانے کا ارادہ ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی حالیہ دنوں میں پی ایس ایل کے ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے اور فرنچائزز سے متعلق انتظامی معاملات کو شفاف بنانے کے لیے سرگرم دکھائی دیتا ہے۔












Leave a Reply