بنگلہ دیش کا بھارت کو کرارا جواب



(ویب ڈیسک)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان حالیہ سیاسی و سماجی کشیدگی نے اب کرکٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 کے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت میں شیڈول اپنے میچز کے مقام پر نظرثانی کا عندیہ دے دیا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مجموعی صورتحال کے پیش نظر بورڈ نے کے کے آر کو مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فرنچائز متبادل کھلاڑی شامل کرنا چاہے تو اس کی اجازت دے دی جائے گی، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بھی ایک مختصر بیان میں کہا کہ بورڈ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مستفیض کو ٹیم سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2025 میں ہونے والی آئی پی ایل منی آکشن میں کے کے آر نے مستفیض الرحمان کو 9.2 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا تاہم یہ معاہدہ اس وقت تنازع کی زد میں آ گیا جب بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر مبینہ حملوں کی خبریں سامنے آئیں، اس کے بعد بھارت میں بعض سیاستدانوں اور مذہبی رہنماؤں نے کے کے آر اور اس کے مالک شاہ رخ خان پر شدید تنقید کی حتیٰ کہ کچھ حلقوں نے بنگلہ دیشی کھلاڑی کو شامل کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے سخت بیانات بھی دیے۔

مستفیض الرحمان آئی پی ایل 2026 میں منتخب ہونے والے واحد بنگلہ دیشی کھلاڑی تھے جن کی رہائی کو کھیل سے زیادہ سیاسی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے، اس پیش رفت کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے تیار، کسی ملک کی کالونی نہیں بنیں گے: نائب صدر وینزویلا

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت میں شیڈول میچز کے لیے مکمل سکیورٹی ضمانت حاصل کی جا سکے۔

بی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ اگر سکیورٹی خدشات برقرار رہے تو بھارت میں ہونے والے میچز کو سری لنکا منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی جا سکتی ہے۔

بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بورڈ ہنگامی بنیادوں پر مشاورت کر رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی جان و مال کا تحفظ سب سے اہم ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے شروع ہوگا۔ بنگلہ دیش کے کئی گروپ میچز بھارت کے شہروں، جن میں کولکتہ اور ممبئی شامل ہیں میں شیڈول ہیں جبکہ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

ماہرین کے مطابق مستفیض الرحمان کی آئی پی ایل سے رہائی اور اس کے بعد بی سی بی کا ردعمل اس بات کی واضح مثال ہے کہ کس طرح سیاسی کشیدگی اب کرکٹ جیسے عالمی کھیل کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ حتمی فیصلے کا اختیار چونکہ آئی سی سی کے پاس ہے اس لیے آنے والے دنوں میں اس معاملے پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *