
( ویب ڈیسک )انگلینڈ کے سٹار بیٹر جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
روٹ نے سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی 41ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ روٹ نے پہلے دن کا کھیل جلد ختم ہونے پر 72 رنز پر ناٹ آؤٹ اننگز دوبارہ شروع کی اور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی۔
سابق آسٹریلوی بیٹر رکی پونٹنگ نے 168 ٹیسٹ میچز میں 41 سنچری بنائی جبکہ جو روٹ نے یہ سنگ میل 163 ٹیسٹ میچ حاصل کرلیا۔
خیال رہے کہ یہ موجودہ دورۂ آسٹریلیا میں روٹ کی دوسری سنچری ہے، جبکہ اس سے قبل وہ آسٹریلیا میں کھیلے گئے 14 ٹیسٹ میچز میں سنچری بنانے میں ناکام رہے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر 51 سنچریز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس 45 سنچریز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور رکی پونٹنگ کا تیسرا نمبر ہے۔
واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشز سیریز آسٹریلیا نے اپنے نام کرلی ہے تاہم میلبرن میں کھیلا گیا چوتھا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 4 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔
ایشز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ میچ سڈنی میں جاری ہے جہاں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 384 رنز بنائے۔












Leave a Reply