(24نیوز) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کے ناموں سے نئی ٹیمیں بننے کی ابتدا ہو جانے پر سیالکوٹ اور حیدرآباد دونوں شہروں کے عوام خوشی سے نہال ہوگئے۔
پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمیں شامل کرنے کا پروسیس کئی ہفتوں سے چل رہا تھا۔ آج اسلام آباد میں دو ٹیموں کی نیلامی سے یہ منصوبہ مکمل ہو گیا۔ دو ٹیموں کی مینیجمنٹ کے حقوق حاصل کرنے والوں نے ان ٹیموں کو اپنے اپنے شہر حیدرآباد اور سیالکوٹ کے ناموں سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا جس سے دونوں شہروں کے مکینوں اور ان شہروں سے تعلق رکھنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
آج شام ہوئی نیلامی میں فواد سرور کے ایف کے ایس گروپ نے ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں خریدی اور اس کا نام حیدر آباد شہر کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔ جبکہ حمزہ مجید کے او زی ڈیولپرز نے آٹھویں ٹیم 185 کروڑ روپے میں خرید لی۔انہوں نے اپنی ٹیم کا نام سیالکوٹ شہر کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔ دونوں ٹیموں کی مینیجمنٹ ان ٹیموں کے مکمل نام کچھ دنوں میں سامنے لائے گی اور کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کچھ دن میں ہی کرے گی۔ تاہم حیدرآباد اور سیالکوٹ کے شہریوں میں اپنے شہروں سے منسوب ٹیموں کی پی ایس ایل کے نئے ایڈیشن میں شمولیت کے حوالے سے بہت جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج تاریخی لمحہ ہے؛ محسن نقوی کی حیدرآباد اور سیالکوٹ کے شہریوں کو مبارکباد
پی ایس ایل کی 7ویں اور 8 ویں ٹیمیں مجموعی طور پر 3ارب 60کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔
پی ایس ایل میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیموں کی شمولیت کے بعد دونوں شہروں کے عوام پُرجوش ہیں کہ اس مرتبہ پی ایس ایل کے میچوں کے دوران ان کے شہروں کا نام روشن ہو گا۔
میڈیا میں سامنے آنے والی ابتدائی رپورٹس کے مطابق اپنے ردعمل میں شائقین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی نمائندگی سے اب پی ایس ایل دیکھنے میں اور مزہ آئے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے آکشن میں دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی رہی۔
پی سی بی نے گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران پی ایس ایل کی مارکیٹنگ کرنے کے لئے کئی شاندار روڈ شو امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا جیسے اہم ملکوں میں منعقد کئے تھے۔ ان شوز کی بدولت پی ایس ایل امریکہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور متعدد دوسرےملکوں سے انویسٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
یہ بھی پڑھیں: اللہ کے فضل سے کھیلوں کی رونقیں دوبارہ سے بحال ہوئیں، وزیراعظم کی پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت پر مبارکباد












Leave a Reply