سردی کی شدت کے باعث تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئیں، جس کے تحت اسکولز 19 جنوری سے کھلیں گے۔
پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بتایا کہ یہ فیصلہ موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اسکول اور کالجز اب 19 جنوری سے کھلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی مشاورت اور سروے کے نتائج کو بھی پیش نظر رکھا گیا، جس میں 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی جبکہ صرف 13 فیصد نے 12 جنوری کے کھلنے کے حق میں ووٹ دیا۔
عوامی سروے میں 19 جنوری کے حق میں 154,178 ووٹ آئے اور 12 جنوری کے حق میں 24,829 ووٹ آئے۔
وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ تمام سی ای اوز اپنے اضلاع میں اس فیصلے کا نفاذ یقینی بنائیں۔
اس سے قبل وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکولوں اور کالجوں میں موسم کی چھٹیوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔
رانا سکندرحیات کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا فیصلہ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کیا گیا، بچوں کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے، موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن آج دوپہر 3 بجے میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔
گذشتہ روز وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی بھی تردید کی ہے، جس میں چھٹیوں کی توسیع کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ نوٹیفیکیشن جعلی ہے اور محکمہ تعلیم نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ اسکول اور کالجز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 12 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
وزیر تعلیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی گمراہ کن اطلاع پر بھروسہ نہ کریں اور سرکاری ذرائع سے ہی تصدیق کریں۔













Leave a Reply