پاکستان خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہےِ اس مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے، دفتر خارجہ


دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ ایران کی صورتِحال پر نظر ہے، پاکستان مسئلے کا پُرامن حل چاہتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایران کی موجودہ صورتِحال، امریکا کی امیگریشن پالیسیوں اور خطے میں سفارتی روابط سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ایران جلد اپنے داخلی مسائل پر قابو پا لے گا اور حالات معمول کی طرف لوٹ آئیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے صومالیہ کی خود مختاری پر حملے کو بھی ناقابل قبول قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے اور پاکستان ایسے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ امیگرینٹس پالیسیوں پر مسلسل رابطے میں ہے۔

ان کے مطابق امریکی حکام اپنی ویزا پالیسی پر نظرثانی کر رہے ہیں اور پاکستان کو امید ہے کہ امیگریشن ویزوں کی بحالی جلد ممکن ہو سکے گی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستانی شہریوں کے لیے نہایت اہم ہے اور حکومت اس پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

بریفنگ میں خطے میں سفارتی روابط سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کا امیر قطر کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس رابطے کو پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کا حصہ قرار دیا گیا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت بحرین کے دورے پر ہیں۔

دورے کے دوران صدر زرداری کی بحرین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دو طرفہ تعلقات، تعاون کے فروغ اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔

دفتر خارجہ کی بریفنگ میں مجموعی طور پر اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان خطے میں استحکام، پرامن حل اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، چاہے معاملہ ایران کی صورتحال ہو، عالمی امیگریشن پالیسیوں کا ہو یا دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کا۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *