
( ویب ڈیسک )بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے ملتوی ہونے کے خدشات ختم ہو گئے ہیں اور لیگ کے میچز آج سے کھیلے جائیں گے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور کرکٹرز کے درمیان رات گئے ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے جس کے بعد معاملات طے پا گئے۔
بی سی بی نے بی پی ایل کے میچز کو ری شیڈول کرتے ہوئے نیا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق کل ملتوی ہونے والے میچز اب آج کھیلے جائیں گے۔ اسی طرح 16 جنوری کو شیڈول میچز 17 جنوری جبکہ 17 جنوری کو ہونے والے میچز 18 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔
بی سی بی کے اعلان کے مطابق 19 جنوری کو شیڈول ایلیمینیٹر اور کوالیفائر ون کے میچز کو بھی ایک دن آگے بڑھا دیا گیا ہے، جو اب 20 جنوری کو ہوں گے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے شائقین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ملتوی ہونے والے میچز کی ٹکٹس ری فنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کون؟
بی سی بی کا کہنا ہے کہ کل ملتوی ہونے والے میچز کے ٹکٹس شائقین کو واپس کیے جائیں گے، تاہم 16 جنوری کو شیڈول میچز کے لیے خریدے گئے ٹکٹس پر شائقین میچز دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے کرکٹرز نے بورڈ ڈائریکٹر نظم الاسلام کے استعفا کا مطالبہ کیا تھا اور کرکٹرز نے استعفا نہ دینے کی صورت میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کرنے کا کہا تھا۔
نظم الاسلام کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے پر کھلاڑیوں کا مالی ازالہ نہیں کریں گے، خراب پرفارمنس کے باوجود کھلاڑیوں پر کروڑوں ٹکہ خرچ کرتے ہیں، ہم نے کبھی کھلاڑیوں کو نہیں کہا کہ پیسے واپس کر دو، جب بورڈ نہیں ہوگا توکھلاڑی کیسے رہیں گے؟
اس تمام صورتحال کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ حالیہ معاملات کا جائزہ لینے کے بعد کھیل کے بہترین مفاد میں بی سی بی کے صدر نے نظم السلام کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا، نظم السلام کو ہٹانے کا فیصلہ بی سی بی کے آئین کے مطابق کیا گیا ہے۔












Leave a Reply