اسمتھ نے بابر کے شاٹ پر اوور کی آخری گیند پر سنگل نہ لینے کی وجہ بتا دی



(ویب ڈیسک)آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں سڈنی سکسرز کے بیٹر اسٹیو اسمتھ نے اوور کی آخری گیند پر  ساتھی بیٹر بابر اعظم کے شاٹ پر سنگل نہ لینے کی وجہ بتا دی۔

جمعہ کو بگ بیش لیگ میں بابر اعظم اس وقت واضح طور پر ناخوش نظر آئے جب ان کے ساتھی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ نے سڈنی تھنڈر کے خلاف بیٹنگ کے دوران اوور کی آخری گیند پر بابر کے شاٹ پر سنگل لینے سے انکار کر دیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر بابر نے اسٹروک کھیلا لیکن اسمتھ نے سنگل لینے سے انکار کیا تاکہ اگلے اوور میں وہ بولر کا سامنا کرسکیں۔

بابر اعظم 11 ویں اوور میں مسلسل 3 ڈاٹ بالز کھیل چکے تھے اور آخری گیند پرسنگل لے کر اگلے اوور میں دوبارہ اسٹرائیک لینے کے خواہاں تھے۔

تاہم اسمتھ کی جانب سے سنگل رن لینے کے انکار پر بابر نے مایوسی کا اظہار کیا۔ البتہ اسٹیو اسمتھ نے اگلے اوور میں 4چھکے اور چوکے کی مدد سے اوور میں 32 رنز بٹورے۔

اسمتھ نے 42 گیندوں پر برق رفتار 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔یوں سڈنی سکسرز نے سڈنی تھنڈرز کا 190 رنز کا ہدف با آسانی 18 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

میچ کے بعد پریزنٹیشن میں اسٹیو اسمتھ نے گفتگو کرتے ہوئے  بابر کے شاٹ پر اوور کی آخری گیند پر سنگل نہ لینے کی وجہ بتائی۔

پریزنٹر نے اسمتھ سے پوچھا کہ بابر کے شاٹ پر سنگل لینے سے منع کرنے پر آپ کی اور بابر کی کیا گفتگو ہوئی؟

جس پر اسمتھ نے جواب دیا کہ 10ویں اوور کے بعد بابر نے مجھ سے کہا کہPower Surge( 2 اوور پرمشتمل بیٹنگ پاوور پلے) لے لو۔ میں نے بابر کو کہا کہ مجھے ایک اوور اور دے دو، میں چھوٹی باؤنڈری کی طرف پاور سرج لے کر 30 رنز بنانے کی کوشش کروں گا۔  
اسمتھ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بابر اعظم اس سنگل کو ٹھکرانے پر مجھ سے خوش تھے۔

واضح رہے کہ  بگ بیش میںPower Surge وہ 2اضافی اوورز ہوتے ہیں جن میں فیلڈنگ ٹیم کو صرف 2 فیلڈرز ہی 30 گز کے دائرے سے باہر رکھنے کی اجازت ہوتی ہے، یعنی بیٹرز کے لیے زیادہ باؤنڈریز کا موقع ہوتا ہے۔

بیٹنگ ٹیم پاور سرج 11ویں سے 20ویں اوور کے درمیان کسی بھی وقت لے سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر تقرر نواز شریف نے کروایا بڑا دعویٰ سامنے آ گیا





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *