غیرسرکاری تنظیم رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں شعبان کے چاند سے متعلق پیشگوئی کر دی۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ چاند اتوار 18 اور پیر 19 جنوری 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ 19 جنوری بروز پیر کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہو گی جبکہ ہلال کی رویت کیلئے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 جنوری پیر کو شعبان کا چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے، جس کے بعد شعبان 1447 ھ کا آغاز 21 جنوری بروز بدھ سے ہو گا۔
غیر سرکاری تنظیم کے مطابق غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے گا، گلگت، مظفر آباد میں یہ فرق 29 منٹ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور چارسدہ میں فرق 30 منٹ، کوئٹہ میں 31 منٹ جبکہ کراچی اور جیوانی میں یہ فرق 33 منٹ ہوگا۔
چاند کی رویت کیلئے غروب شمس اور غروب قمر میں کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری سمجھا جاتا ہے۔ اس طرح 20 جنوری کو چاند نظر آنے کا امکان ہے، چاند کی رویت کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔













Leave a Reply