(24 نیوز)سربیا کے معروف ٹینس سٹار نواک جوکووچ نے 400 گرینڈ سلیم میچز جیتتے ہوئے عالمی دنیائے ٹینس میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے، نواک جوکووچ نے یہ کارنامہ آسٹریلین اوپن 2026 میں انجام دیا۔
ہفتے کو نواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن میں نیدرلینڈز کے حریف کو 6-3, 6-4, 7-6 (7/4) سے شکست دی اور راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئے۔اس جیت کے ساتھ جوکووچ نے ٹینس میں نئی تاریخ کی اور وہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں 400 میچ جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرا نمبر راجر فیڈرر کا ہے جن کی 369 فتوحات ہیں جبکہ اسپین کے رافیل نڈال نے 314 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

میچ جیتنےکے بعد نواک جوکووچ نے کہا کہ میں واقعی بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ یہ ایک شاندار آغاز ہے، لیکن چیزیں بدل سکتی ہیں اور میں خود کو حد سے زیادہ پُراعتماد نہیں کر رہا، کیونکہ پچھلے سال مجھے ایک سبق ملا تھا، جوکووچ نے کہا کہ میں اب بھی ان نوجوان کھلاڑیوں کو سخت مقابلہ دینے کی کوشش کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ 38 سالہ سربین ٹینس سٹار نوواک جوکووچ اس وقت عالمی رینکنگ میں نمبر 4 پوزیشن پر براجمان ہیں، اپنے کیرئیر میں وہ 101 ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے ہیں، اور اب تک کیرئیر کے دوران مجموعی طور پر 19 کروڑ 12 لاکھ ڈالر سے زائد پرائز منی حاصل کر چکے ہیں، 2011 کے دوران وہ عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سربین سٹار انگریزی، اٹالین، جرمن ، فرنچ سمیت چار زبانوں پر عبور رکھتے ہیں، وہ شادی شدہ ہیں، ایک بیٹے اور بیٹی کے والد ہیں، ان کے والد فٹ بال کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں، انھوں نے ٹینس کا آغاز 12 سال کی عمر میں میونخ کی ایک اکیڈمی سے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار کی ابوظہبی محکمہ خزانہ کے چیئرمین سے ملاقات












Leave a Reply