
(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا کا بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں متنازع رن آؤٹ پر ردعمل سامنے آگیا۔
ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے آغا سلمان کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کردیا تھا جس پر پاکستانی بیٹر نے میدان سے باہر جاتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔
سابق پاکستانی کرکٹرز رمیز راجا اور حمد حفیظ نے بھی بنگلادیش کے کپتان کی اس حرکت کو سپورٹس مین سپرٹ کے منافی قرار دیا تھا اور اس پر مہدی حسن کو سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں آغا سلمان نے کہا کہ قانون کے مطابق میرا رن آؤٹ درست تھا لیکن میرے خیال میں اس موقع پر سپورٹس مین سپرٹ کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔
سلمان علی آغانے کہا کہ اگر وہ اس صورتحال میں ہوتے تو شاید مختلف فیصلہ کرتے، انہیں لگا تھا گیند پیڈ اور بیٹ سے لگنے کے بعد ڈیڈ ہو چکی ہے، اسی لیے وہ گیند ڈیڈ سمجھ کر واپس بولر کو دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستان نے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ جاری تھی کہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا،بارش کے بعد میچ شروع ہوا تو بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 23.3 اوورز میں 114 رنز بنا سکی اور پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 128رنز سے کامیاب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:زمان خان زخمی، PSLمیں شرکت مشکوک
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔











Leave a Reply