گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اعلان کیا ہے کہ گورنر ہاؤس کے تمام اخراجات کا آڈٹ کرایا جائے گا اور اس کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ کوئی غلط کام کریں تو عوام اور میڈیا بلا جھجھک تنقید کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جس منصب پر فائز ہیں وہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کی نمائندگی کریں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے بارے میں منفی باتیں کرنے کے بجائے سب کو صوبے اور شہر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ مثبت اور تعمیری سوچ دیتے ہیں اور ملک کے مفاد کے لیے قربانیاں دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کا طرزِ حکمرانی “کام، کام اور صرف کام” پر مبنی ہے۔
نہال ہاشمی نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کو بھی کراچی تک توسیع دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کو فعال اور بہتر بنایا جائے گا اور یہاں تمام امور شفاف انداز میں انجام دیے جائیں گے۔ ساتھ ہی مستحق افراد کے لیے گورنر ہاؤس میں سحری اور افطار کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وہ خود کو سب سے پہلے ایک سیاسی کارکن سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسی حیثیت سے عوام کی خدمت جاری رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ اور کراچی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔













Leave a Reply