تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کب ہوں گی؟


وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا حتمی فیصلہ 15 مئی کے بعد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات 2026 کے حوالے سے اہم تفصیلات شیئر کر دی۔

انہوں نے چھٹیوں کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ وسطِ مئی کے بعد کیا جائے گا۔

رانا سکندر حیات نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی حکومت اس سال تعلیمی نقصانات کو پورا کرنے کے لیے موسمِ گرما کی چھٹیوں میں 15 سے 20 دن کی کمی کرنے پر غور کر رہی ہے۔

حکومت تعلیمی سال میں تدریسی ایام کی تعداد کو 180 سے بڑھا کر 190 دن تک لانا چاہتی ہے تاکہ سلیبس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے اور صرف موسمِ گرما ہی نہیں بلکہ سردیوں کی چھٹیوں میں بھی 5 سے 6 دن کی کمی کی تجویز زیرِ غور ہے۔

وزیرِ تعلیم نے زور دے کر کہا کہ چھٹیوں کے شیڈول کا کوئی بھی باضابطہ اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حتمی منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت سے زیادہ چھٹیاں طلبہ کے تعلیمی وقت کو ضائع کرتی ہیں، جس کا ازالہ کرنا ضروری ہے۔

دوسری جانب، محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب میں شدید ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) کے الرٹ کے بعد ماہرین نے قبل از وقت چھٹیوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مئی کے آخر میں درجہ حرارت برداشت سے باہر ہوا تو حکومت کو طلبہ کی صحت کی حفاظت کے لیے گزشتہ سال کی طرح جلد چھٹیوں کا اعلان کرنا پڑ سکتا ہے۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *