یرغمال پاکستانیوں کی رہائی کے لیے صومالی حکومت سے رابطوں میں ہیں، دفتر خارجہ


ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ صومالیہ میں بحری قزاقوں نے 11 پاکستانیوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان متاثرہ افراد کی بحفاظت رہائی کیلئے صومالی حکام اور متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے اور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ صومالیہ کے علاقے پُنٹ لینڈ کے قریب بحری قزاقوں نے ایک بحری ٹینکر کو روک کر اس میں موجود 11 پاکستانیوں کو یرغمال بنایا۔

ان کے مطابق اس معاملے پر صومالیہ کی حکومت اور جہاز کے مالک سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستانیوں کی جلد اور بحفاظت رہائی ممکن بنائی جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمبوڈیا میں 84 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، جن میں 76 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں۔

ان کے مطابق یہ افراد زیادہ تر سیاحتی یا زائد المعیاد ویزوں پر وہاں موجود تھے اور بعض آن لائن فراڈ سے متعلق ملازمتوں میں ملوث پائے گئے۔

پاکستانی سفارتی مشن کمبوڈین حکام سے رابطے میں ہے اور متاثرہ افراد کو خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں فریقین کے ساتھ رابطوں کے چینلز کھلے رکھے ہیں اور مختلف تجاویز پر بات چیت جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطہ کیا جبکہ ایرانی وفد نے عباس عراقچی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم دورے کیے اور خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کیلئے نہایت اہم گزرگاہ ہے اور پاکستان اس کے فوری کھولنے کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان نے افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اس سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی کم ہوگی اور امن قائم ہوگا۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *