اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، سپریم کورٹ میں تحریری رپورٹ جمع کرائی جائے گی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیے گئے بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے اور انہیں مکمل رسائی دی گئی۔اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے سے قبل اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی تک مکمل رسائی دی گئی اور وہ اپنی ذمہ داری کے مطابق تحریری رپورٹ عدالتِ عظمیٰ میں جمع کرائیں گے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ کے احکامات
عدالت نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو توشہ خانہ فوجداری کیس میں فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی بیرک تک رسائی کی اجازت دی تھی۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ 24 اگست 2023 کے حکم نامے کے وقت بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے، اس لیے موجودہ حالات میں ان کی رہائش اور سہولیات سے متعلق تازہ رپورٹ حاصل کرنا مناسب ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ بیرسٹر سلمان صفدر اڈیالہ جیل جا کر بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت، رہائشی سہولیات اور دستیاب سہولتوں سے متعلق تفصیلی تحریری رپورٹ جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔













Leave a Reply