دو نئی ایئر لائنز جلد فضائی آپریشن شروع کریں گی


پاکستان میں ہوا بازی کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مسافر اور کارگو سروس فراہم کرنے والی دو نئی ایئر لائنز جلد اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف مسافروں کو سفری سہولت ملے گی بلکہ ملکی صنعت اور برآمدات کے شعبے کو بھی تقویت ملے گی۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور متعلقہ ایئر لائنز نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ایئر کراچی کا آغاز متوقع

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’ایئر کراچی‘‘ نامی نئی ایئر لائن نے طیارہ لیز پر حاصل کرنے کے معاملات حتمی شکل دے دیے ہیں اور امکان ہے کہ یہ ایئر لائن رواں سال مئی یا جون میں باقاعدہ آپریشن شروع کر دے گی۔

ابتدائی مرحلے میں ایئر کراچی لاہور، اسلام آباد، کراچی، سکھر، ملتان، کوئٹہ اور پشاور کے لیے اندرونِ ملک پروازیں چلائے گی۔ بعد ازاں ایک سال کے اندر بین الاقوامی روٹس پر بھی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

کارگو سیکٹر میں بھی توسیع

دوسری جانب کارگو شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق معروف کورئیر کمپنی ٹی سی ایس بوئنگ 747-400 سیریز کا طیارہ حاصل کر رہی ہے جو ابتدائی طور پر صرف کارگو آپریشن کے لیے استعمال ہوگا۔

اسی طرح K2 Airways جو پہلے ہی کارگو سروس فراہم کر رہی ہے، اپنے بیڑے میں مزید اضافہ کرتے ہوئے بوئنگ 747-400 سیریز کا ایک اور طیارہ شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں ایئر کارگو کے شعبے پر طویل عرصے سے غیر ملکی ایئر لائنز کا غلبہ رہا ہے، تاہم مقامی کمپنیوں کی شمولیت سے نہ صرف مسابقت بڑھے گی بلکہ ملکی برآمدات اور صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے روزانہ تقریباً 90 ہزار سے ایک لاکھ مسافر اندرون و بیرون ملک سفر کرتے ہیں، جو پی آئی اے، فلائی جناح اور دیگر بین الاقوامی ایئر لائنز کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچتے ہیں۔

ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئی ایئر لائنز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مسافروں اور صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

 

 

 


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *