خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں کو تشویشناک قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جیل سخت ہو یا نرم، اپنے قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تسلسل کے ساتھ سامنے آ رہی ہیں جو باعثِ تشویش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوری اور مؤثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ اگر مریض قیدی ہو اور سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کا تحفظ مزید اہم ہو جاتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس موقع پر ماضی کے سیاسی واقعات دہرانا اعلیٰ ظرفی نہیں ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور ریاستی ادارے میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر واضح سرکاری مؤقف جاری کریں اور بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔













Leave a Reply