وزیراعظم شہباز شریف کی قطری قیادت سے اہم ملاقاتیں، دفاعی و تجارتی تعاون پر اتفاق


وزیراعظم شہباز شریف سے دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امورشیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے ملاقات کی۔۔ ملاقات کے دوران دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور پاکستان اور قطر کے مضبوط و تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال، بالخصوص ایران اور افغانستان سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت سے بھی ملاقات

قبل ازیں وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے ملاقات کی، جو پاکستان قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا گیا اور بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے، زرعی مصنوعات، غذائی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں تنوع کی اہمیت پر زور دیا۔

فریقین نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

قطری وزیر نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور نجی شعبے کے روابط مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے رمضان المبارک کے دوران متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس اجلاس بلانے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر پیش رفت کی جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *