وزیراعظم شہبازشریف کا ایران کے نئے سپریم لیڈر کے نام خط، ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی


وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھ کر تعزیت اور مبارکباد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اس سانحے پر ایرانی عوام اور امت مسلمہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

خط کے متن کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستانی عوام شدید صدمے میں ہیں اور اس مشکل وقت میں پاکستان ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا سپریم لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ایران امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی جانب مزید آگے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں اور پاکستان ایران کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے مفاد میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

خط کے اختتام پر وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، کامیابی اور ایران کے عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد مجلس خبرگان نے دو روز قبل مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیا۔


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *