پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش سے شکست پاکستان نے ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا



(ویب ڈیسک)پاکستان نے بدھ کو شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ناقص بیٹنگ کی وجہ سے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

قومی ٹیم صرف 114 رنز بنا کر 30.4 اوورز میں آؤٹ ہوگئی جو ون ڈے کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا اب تک کا کم ترین اسکور ہے۔

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 اوورز میں 24 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ مہدی حسن میراز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مصطفیٰ رحمان اور تسکین احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف سب سے کم اسکور 161 رنز تھا جو 31 مئی 1999 کو نارتھمپٹن میں  آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران بنایا گیا تھا۔

بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے کم ترین سکورز میں 114 رنز میرپور میں 11 مارچ 2026 کو بنے، 161 رنز 31 مئی 1999 کو نارتھمپٹن میں، 177 رنز 6 دسمبر 2011 کو چٹوگرام میں، 202 رنز کے عوض 9 وکٹیں 26 ستمبر 2018 کو ابوظہبی میں جبکہ 202 رنز 22 جنوری 2002 کو چٹوگرام میں بنائے گئے۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز اچھا کیا اور اوپنرز معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان نے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم ناہید رانا نے فرحان کو 27 رنز پر آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔
بعد ازاں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں۔ ڈیبیو کرنے والے شمیل حسین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ معاذ صداقت 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پاکستان کا اسکور 64 رنز پر 4 وکٹیں ہوگیا۔

ناہید رانا نے اپنی 5ویں وکٹ سلمان علی آغا کو آؤٹ کر کے مکمل کی اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو بری طرح تہس نہس کر دیا۔

بعد میں عبدالصمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ حسین طلعت صرف 4 رنز بنا سکے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی 4 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

وسیم جونیئر بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ آخر میں فہیم اشرف نے کچھ مزاحمت دکھاتے ہوئے 47 گیندوں پر 37 رنز بنائے جن میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں اپنا کم ترین اسکور بنایا۔

یہ بھی پڑھیں:روزے کتنے ہوں گے؟عیدالفطر کس تاریخ کو متوقع ہے؟سپارکو کی بڑی پیشگوئی





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *