دخترِ وطن ثروت فاطمہ نے عالمی فورم پرملک کا نام روشن کردیا



(24نیوز)ملائیشیا میں منعقدہ بیڈمنٹن مقابلوں میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی ثروت فاطمہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے ملک، خصوصاً بلوچستان کیلئے باعثِ فخر ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ثروت فاطمہ نے اپنی محنت، لگن اور کھیل سے وابستگی کے ذریعے ثابت کیا کہ مضبوط حوصلے اور مسلسل جدوجہد انسان کو کامیابی کی بلند ترین منزل تک پہنچا سکتے ہیں۔

اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ثروت فاطمہ کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک جیت نہیں بلکہ ان کی انتھک محنت اور کھیل سے سچی محبت کا عملی ثبوت ہے، انہوں نے اپنی اس کامیابی کو اپنے والد اور پاک فوج کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے والد اور پاک فوج کی جانب سے بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی حاصل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مستقبل میں پاک فوج کا حصہ بن کر ملک کا نام مزید روشن کرنا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی بینک کا ایران جنگ سے متاثرہ ممالک کی مالی معاونت کا اعلان

واضح رہے کہ پاک فوج ملک کے دور دراز علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کر کے انہیں عالمی سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اور ثروت فاطمہ کی کامیابی اسی سلسلے کی ایک روشن مثال ہے۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *